اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے جمعرات کے روز ماسکو میں روس کے وزیر دفاع سرگئی شایگو سے ملاقات میں کہا کہ پائیدار عالمی امن کے حصول کے لیے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی توسیع پسندی کے مقابل ایک مزاحمتی محاذ تشکیل دینا چاہیے- انھوں نے کہا کہ ایران اور روس کے اصولی اور منطقی موقف پر عمل درآمد سے بہت سے سکیورٹی خطرات کو ناکام بنایا جا سکتا ہے اور یہ علاقائی اور عالمی بحرانوں کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے- ایران کے وزیر دفاع نے علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں روس کے موقف کو ایران کے موقف کے قریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران اسٹریٹجک سطح پر ماسکو کے اس صحیح ادراک کی حمایت کرتا ہے کہ واشنگٹن قابل اعتماد دوست اور شریک نہیں ہو سکتا- روس کے وزیر دفاع سرگئی شایگو نے بھی اس ملاقات میں یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران اور روس کے تعمیری تعلقات میں فروغ علاقائی اور عالمی ثبات و استحکام کا اہم سبب ہے، کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جنوری دو ہزار پندرہ میں منعقد ہونے والا دفاعی معاہدہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اور ٹھوس بنیاد ہے- روسی وزیر دفاع نے آزاد و خودمختار ملکوں کے خلاف پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے اس اقدام کو ظالمانہ اور بین الاقوامی معیارات کے خلاف قرار دیا اور مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مستقبل قریب میں ایران چین اور روس کے مشترکہ اجلاس کے انعقاد پر زور دیا- سرگئی شایگو نے دنیا میں امریکہ کے یکطرفہ اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان اقدامات اور پالیسیوں کا مقابلہ کرنے اور انھیں ناکام بنانے کے لیے تمام ملکوں کے تعاون کی اپیل کی-
.......
/169